
ماسکو (نیوز ڈیسک) روس نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کیلئے اسرائیل اور مغرب کی جانب سے حق دفاع کے جواز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا کوئی حق نہیں وہ قابض ہے۔ غزہ صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ سے خطاب کرتے ہوئے روسی مندوب ویسلی نیبینزیا نے غزہ معاملے پر بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں اور معصوم شہریوں کے نسل کشی پر خاموشی اور یوکرین معاملے پر شور برپا کرنے کے مغربی دوغلے پن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ روسی مندوب کا کہنا تھا کہ 2004کے عالمی عدالت انصاف کے ایڈوائزری کے تحت اسرائیل فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے درپیش خطرات یا حملوں کی صورت میں کارروائیوں کیلئے اقوام متحدہ کے حق دفاع کی شق کا استعمال نہیں کر سکتا۔