اسرائیل یا غزہ میں لڑاکا فوج بھیجنے کا اِرادہ نہیں’ کملا ہیرس

In Urdu Newspaper
October 31, 2023

واشنگٹن(ویب نیوز)
نائب صدر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل یا غزہ میں لڑاکا فوج بھیجنے کا اِرادہ نہیں رکھتا۔ میڈیا کے مطابق معروف غیرملکی نیوزچینل کیساتھ انٹرویو میں نائب صدر نے کہا کہ واشنگٹن خطے میں تنازعات کو پھیلنے سے روکنے پر اپنی کوششوں پر توجہ دے رہا ہے، ہم کسی بھی طرح سے یہاں کوئی جنگی فوج بھیجنے کا اِرادہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو ڈکٹیشن نہیں دیتے کہ اسے کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی میرین کور کی کوئیک ری ایکشن فورس بحیرہ روم کی جانب روانہ کردی گئی ہے جس سے خیال تاثر اُبھرا کہ امریکا اسرائیل کی مدد کیلئے اپنی فوجیں غزہ بھیج رہا ہے۔ اس حوالے سے جب صحافی نے امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس سے اسرائیل کی مدد کیلئے فوج بھیجنے سے متعلق پوچھا تو انہوں نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل یا غزہ میں لڑاکا افواج بھیجنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ کملا ہیرس نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ امریکا غزہ میں جنگ وجدل کے حوالے سے اسرائیل کو ہدایات یا حکم جاری کرتا ہے۔ ہم اسرائیل کو یہ نہیں کہتے کہ اسے کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں۔ امریکا کی نائب صدر نے مزید کہا کہ امریکا مشرق وسطی میں جنگ کو پھیلنے سے روکنے پر اپنی توانائیاں خرچ کر رہا ہے۔ ہماری ساری توجہ خطے میں دیرپا قیامِ امن کیلئے ہے۔ واضح رہے کہ 7اکتوبر سے جاری حماس اسرائیل جھڑپ میں 8ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 21ہزار زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 1400 سے زائد اسرائیلی بھی مارے گئے۔ دوسری طرف غزہ میں القدس اسپتال کے اطراف اسرائیل کی جانب سے میزائل حملے کیے گئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق اسرائیل نے القدس اسپتال کو خالی کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ القدس اسپتال میں 12ہزار افراد نے پناہ لے رکھی ہے، اسپتال میں 400 مریض اور سیکڑوں زخمی زیر علاج ہیں۔ میڈیا کے مطابق ہیومن رائٹس واچ کی سابق ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ القدس اسپتال پر بمباری جنگی جرم ہو گا۔ میڈیا کے مطابق 7اکتوبر سے اب تک مغربی کنارے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد کم ازکم 114 ہو گئی جبکہ مغربی کنارے سے گرفتار فلسطینیوں کی تعداد 1600 ہوچکی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں مواصلاتی رابطے امریکی دباؤ پر بحال کیے ہیں۔ امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکا نے اسرائیل پر واضح کیا کہ غزہ میں مواصلاتی رابطے بحال کرنا ہوں گے۔