
نیویارک (ویب نیوز) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے کہا ہے کہ نیپال کے برف پوش پہاڑ اپنی برف کا تقریباً ایک تہائی حصہ کھو چکے ہیں، انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے پاگل پن کو روکے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے نیپال میں دنیا کے بلند ترین پہاڑ ایورسٹ کے خطے جہاں موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے باعث تیزی سے گلیشیرز پگھل رہے ہیں کہا کہ دنیا کی چھتیں کھوکلی ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلیشیر پانی کے برفیلے ذخائر ہیں، یہ ہمالیہ کے خطے کے ایک ارب سے زیادہ لوگوں کو تازہ پانی فراہم کرتے ہیں۔ انتونیو گوتریس نے دنیا کے بلند ترین پہاڑ ایورسٹ کی برفیلی چوٹی کے سامنے کھڑے ہو کر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں آج یہاں دنیا کی چھت پر یہ دہائی دینے آیا ہوں کہ اس پاگل پن کو روکیں۔