صدر اور الیکشن کمیشن کا عام انتخابات 8 فروری کو کرانے پر اتفاق

In Urdu Newspaper
November 03, 2023

اسلام آباد (ویب نیوز)
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جہاں 8فروری کو ملک میں عام انتخابات پر اتفاق کیا گیا۔ ایوان صدر میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے وفد کے ہمراہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی، اس سے قبل اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بھی صدر سے ملاقات کی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے آج کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجا نے اٹارنی جنرل برائے پاکستان منصور عثمان اعوان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چار اراکین کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں ملک میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور صدرمملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت کو سنا۔ ایوان صدر نے بتایا کہ تفصیلی بحث کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت کو عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے خط لکھا تھا اور 11فروری کو عام انتخابات کی تجویز دی تھی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط میں انہوں نے کہا تھا کہ میں آپ کی توجہ آج سپریم کورٹ کی جانب سے دئیے گئے حکم کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آج صدر مملکت سے ملاقات کرے اور ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا تعین کرے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے اٹارنی جنرل اس ملاقات کا انتظام کرے اور صدرمملکت کو عدالت کا 23 اکتوبر 2023 اور آج کا حکم نامہ پہنچائے اور تعاون کیلئے دستیاب ہو۔ عدالت نے کہا تھا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ عام انتخابات کیلئے ایک تاریخ دی جائے گی اور عدالت کو کل(3نومبر) آگاہ کردیا جائیگا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کا صدر کو جواب بظاہر آئین کیخلاف ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کسی خط و کتابت میں نہیں جائے گی، فاروق نائیک نے کہا کہ صدر کا کام تھا تاریخ دیتے، الیکشن کمیشن شیڈیول جاری کرتا، انتخابات90 دن میں کرانے کیلئے تاریخ دینے کی ذمہ داری صدر کی ہے۔ یاد رہے کہ 21ستمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرا دئیے جائیں گے۔