مسلسل چار شکستوں کے بعد پاکستان کی بنگلادیش کیخلاف فتح

In Urdu Newspaper
October 31, 2023

کولکتہ (ویب نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ میں مسلسل چار شکستوں کے بعد بالآخر پاکستان نے بنگلادیش کیخلاف سات وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 31ویں میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 205 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے 32.3 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بنگلادیش کو شکست دینے کے بعد پاکستان 6 پوائنٹس کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر آگیا جبکہ افغانستان چھٹے اور سری لنکا ساتویں نمبر پر چلا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے کیا۔ دونوں نے ٹیم کو 128 رنز کی اوپننگ شراکت فراہم کی۔ عبداللہ شفیق 68 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہوگئے جسکے بعد بیٹنگ کیلئے آنیوالے کپتان بابراعظم صرف 9رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 169 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 81 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوگئے۔ محمد رضوان 26 اور افتخار احمد 17رنز کیساتھ ناٹ آوٹ رہے اور میچ کو اختتام تک پہنچایا۔ قبل ازیں بنگلادیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45.1 اوورز میں 204 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3اور محمد وسیم جونئیر نے 3، 3 جبکہ حارث رؤف 2اور افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔