
نیویارک (سٹاف رپورٹر) نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز نے نیویارک سٹی گورنمنٹ واٹس ایپ چینل کے آغاز کی نقاب کشائی کی ہے۔ یہ چینل انگریزی اور ہسپانوی دونوں زبانوں میں دستیاب ہوگا، جس کا مقصد ایڈمز انتظامیہ اور نیویارک کے رہائشیوں کے درمیان براہ راست رابطے کو تقویت بخشنا ہے۔ چینل براہ راست واٹس ایپ سے منسلک ہے جس کے عالمی سطح پر 2.4 بلین سے زیادہ صارفین ہیں۔ یہ پلیٹ فارم متنوع تارکین وطن اور بین الاقوامی برادریوں کیلئے رابطے کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر کام کرتا ہے جو کہ نیویارک شہر کی آبادی کا تقریباً 40فیصد ہے۔ 27 اکتوبر کو چینل کے سبسکرائبرز کو ایڈمز انتظامیہ سے براہ راست باقاعدہ اپڈیٹس ملیں، یہ اپ ڈیٹس شہر کی خدمات کے بارے میں معلومات کیساتھ ساتھ نیو یارک شہر کے اندر متحرک کمیونٹیز، سرگرمیوں اور ثقافت کو اُجاگر کرنیوالے مواد پر مشتمل تھیں۔