واشنگٹن ڈی سی میں غزہ والوں کیساتھ اظہار یکجہتی ریلی

In Urdu Newspaper
November 06, 2023

واشنگٹن ڈی سی (نمائندہ خصوصی)
غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کیخلاف دنیا بھر کے لوگوں کے احتجاجی مظاہروں میں شدت آتی جارہی ہے، ہر روز دنیا بھر کے مختلف ملکوں اور شہروں میں پرزور احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں۔ اس سلسلے کی تازہ ترین صورتحال امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے فریڈم پلازہ پر دیکھنے میں آئی، جہاں کئی ایک تنظیموں نے مشترکہ طور پر اس مظاہرہ میں شرکت کی جن کے مطالبات تھے غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور معصوم فلسطینیوں کے اس نسل کشانہ قتل عام کو فوری روکا جائے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور فلسطینی جھنڈے اُٹھائے ہوئے تھے، مظاہرین کا مطالبہ تھا غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، غزہ کو جینے دیا جائے۔ مظاہرہ کی ایک خاص بات یہ تھی کہ اس میں تمام مذاہب کے خواتین وحضرات اور بچے شامل تھے جو امریکہ کی مختلف ریاستوں سے خصوصی طور پر ڈی سی آئے تھے۔ مظاہرے کے شرکاء نیویارک، نیوجرسی، کنٹیکٹ، پنسلوانیا، اوہائیو، شکاگو اور واشنگٹن ڈی سی کے مختلف علاقوں سے خصوصی طور پر بسوں، اپنی ذاتی گاڑیوں اور ٹرینوں اور ہوائی جہازوں سے تشریف لائے تھے۔ امن کی حامی تنظیموں کی جانب سے غزہ کی حمایت میں اس قسم کے مظاہرے ملک کی مختلف ریاستوں میں جاری ہیں، اِدھر لندن، پیرس اور برلن سے بھی غزہ کی حمایت میں بڑی بڑی ریلیوں کی اطلاعات ملی ہیں۔